کول، کلنکر اور سیمنٹ کارگو ٹرمینل پی آئی بی ٹی نے کام شروع کردیا

کراچی (اسٹاف رپورٹر) پورٹ قاسم پر قائم کئے جانے والے پاکستان کے پہلے جدید ترین کول ، کلنکر اور سیمنٹ کارگو ٹرمینل پی آئی بی ٹی نے  41000ٹن کوئلے سے لدے ہوئے جہاز کو ہینڈل کرکے اپنی ہاٹ کمیشننگ کا آغاز کردیا ہے جو کہ آپریشنز کے آغاز کیلئے ایک اہم ترین سنگِ میل ہے۔تفصیلات کے مطابق61,219ڈیڈ ویٹ ٹن کے ساتھ12.5میٹر گہرائی کا حامل جہازایم وی افریقن فن فٹ جس کی لمبائی 200میٹر اور چوڑائی 32میٹر تھی ملک کے بڑے کول امپورٹر اعوان ٹریڈنگ کیلئے 41,510میٹرک ٹن کوئلہ لیکر پی آئی بی ٹی ٹرمینل پر پچھلے ہفتے لنگر انداز ہوا۔جبکہ  63,454ڈیڈ ویٹ ٹن کے ساتھ 39,550ٹن کوئلے سے لدا ہوا ایک اور جہاز  ایم وی آئرس اولڈنڈورف منگل کو ٹرمینل پر لنگر انداز ہوگیا ہے۔واضح رہے کہ اسی وزن کے جہاز کو کے پی ٹی پر ہینڈل کرنے میں سات دن لگ جاتے ہیں جبکہ پی آئی بی ٹی پر نصب جدید ترین ہینڈلنگ نظام سے اسی کارگو صرف دو دن میں ہینڈل کیا جاسکتا ہے۔ کمپنی نے ملک کے پہلے کوئلے ، کلنکر اور سیمنٹ کارگو کی ٹرمینل کی تعمیر میں 285ملین ڈالر کی بھاری سرمایہ کاری کی ہے۔ٹرمینل پر جدید ترین جیٹی کے علاوہ کوئلے کے جہاز کو ان لوڈ کرنے کی غرض سے دو اور سیمنٹ اور کلنکر کو لوڈ کرنے کی غرض سے ایک کرین نصب کی گئی ہے۔ ٹرمینل پر سالانہ 12ملین ٹن کارگو ہینڈل کرنے کی صلاحیت کے علاوہ 62  ایکڑ پر محیط اسٹوریج کی سہولت بھی موجودہے۔پی آ ئی بی ٹی ایک پبلک لسٹڈ کمپنی ہے جس کے حصص پاکستان اسٹاک ایکسچینج میںلسٹڈ ہیں ۔ٹرمینل کو میرین گروپ کے تعاون سے پورٹ قاسم اتھارٹی کے ساتھ 30سالہ بی او ٹی معاہدے کے تحت قائم کیا گیا ہے۔ کمپنی کی ایکویٹی میں انٹرنیشنل فنانس کارپوریشن کی جزوی سرمایہ کاری بھی شامل ہے۔واضح رہے کہ مکمل طور پر آپریشنل پی آئی بی ٹی ٹرمینل نہ صرف تجارت اور بندرگاہ کے شعبے کے استعدارِ کار میں اضافہ کرے گا بلکہ پاکستان کے پورٹ آپریشنز کو بین الاقوامی معیار کے برابر لاکھڑا کرے گا۔

 

Source: جنگ
Submitted By: رپورٹ جنگ
Date: May 5, 2017